بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کے والد نے بیٹے اور بہو ریوابا سے متعلق حیرت انگیز انکشافات کردیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر رویندرا جڈیجا کے والد انیرودھ جڈیجا کا کہنا ہے کہ بیٹے اور بہو ریوابا کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں ہے، رویندرا اور ریوابا کی شادی کے کچھ ہی ماہ بعد گھر میں مسائل شروع ہوگئے تھے، بیٹا بیوی کا غلام بن گیا ہے۔
انیرودھ سنگھ جڈیجا نے بہو ریوابا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ہی گھر میں دراڑ پیدا ہوگئی ہے، ایک شہر میں رہنے کے باوجود انہیں اپنے بیٹے سے ملنے کا موقع نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے او ربہو سے میرا کسی بھی طرح کا کوئی رشتہ نہیں ہے ہم انہیں نہیں بلاتے اور وہ ہمیں نہیں بلاتے۔
کرکٹر کے والد نے کہا کہ پتا نہیں بیوی نے اس پر کیا جادو کردیا ہے اس سے اچھا ہوتا کہ وہ شادی نہ کرتا، اچھا ہوتا اگر وہ کرکٹر نہ بنتا پھر ہم اس حالت میں نہیں ہوتے۔
انیرودھ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ریوابا ایک آزادانہ زندگی چاہتی تھی اور جڈیجا کی ساری ملکیت ان کے نام پر منتقل کردی گئی تھی۔
Parents are PRICELESS
Children who forget their parents after being famous are the worst ungrateful creatures #RavindraJadeja be ready to pay the price..@Rivaba4BJP kya Sanskaar hai! pic.twitter.com/LO5Lo5RbhN— Rezina Sultana (@RezinaSultana29) February 9, 2024
انہوں نے کہا کہ بیٹے پر سسرال والوں کا کنٹرول ہے، شادی کے تین ماہ بعد ہی اس نے مجھ سے کہا کہ سب کچھ اس کے نام پر منتقل کردیا جانا چاہیے، اس نے ہمارے کنبے میں دراڑ پیدا کردی ہے، وہ فیملی نہیں چاہتی تھی اور آزادانہ زندگی چاہتی تھی۔
رویندرا جڈیجا کے والد نے کہا کہ میں کچھ بھی چھپانا نہیں چاہتا، ہم نے پانچ سال سے اپنی پوتی کا چہرہ بھی نہیں دیکھا ہے، اس کے سسرال والے عیش و آرام کی زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس میرے بیٹے کی صورت میں ’بینک‘ موجود ہے۔
دوسری جانب رویندرا جڈیجا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسکرپٹڈ انٹرویو میں جو کہا گیا اسے مسترد کرتا ہوں، انٹرویو میں کہی گئی سبھی باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری بیوی ریوابا پر بھی لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔