مظفرآباد : راولا کوٹ جیل توڑ کر فرار ہونے والے دو خطرناک قیدیوں کو قریبی جنگل سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے فرار قیدیوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے، جیل توڑ کر فرار ہونے والے قیدی پکڑ میں آگئے۔
سزائے موت کے دو قیدیوں عثمان اور فیضان کو قریبی جنگل سےدوران آپریشن گرفتار کیا گیا۔
مظفرآباد آپریشن کے دوران تین پولیس اہلکار زحمی بھی ہوئے ، راولاکوٹ پولیس اپریشن کی قیادت ایس پی خاور علی اور خرم اقبال نے کی۔
واضح رہے چند روز قبل راولا کوٹ جیل سے انیس قیدی فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد راولاکوٹ آزاد حکومت نے مفرور قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لئے انعام کی رقم بھی رکھ تھی۔
گذشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے فرار قیدیوں کے معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر عبدالجبار نے جیل کا دورہ کیا۔
آئی جی پی آزادکشمیر نے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور جیل عملے سمیت جیل سپرنٹنڈنٹ کو شامل تفتیش کر دیا گیا ہے۔
عبدالجبار کا کہنا تھا کہ جلد ہی تمام قیدی دوبارہ سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، فرار قیدی مفرور مجرمان کسی کو بھی نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی نشاندہی کریں، حکومت نے بھی قیدیوں کے سر کی قیمت تعین کر لی ہے۔