بدھ, جولائی 3, 2024
اشتہار

راولاکوٹ جیل واقعہ، جیل سپرنٹنڈنٹ معطل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گرفتار، آئی جی جیل او ایس ڈی بنا دیے گئے

اشتہار

حیرت انگیز

راولاکوٹ: جیل سے قیدیوں کے فرار کے معاملے پر آزاد کشمیر حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جب کہ جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 8 اہلکار معطل کر دیے گئے، اور آئی جی جیل خانہ جات کو او ایس ڈی کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ میں ڈسٹرکٹ جیل مچھ سے بیس خطرناک قیدیوں کے فرار اور غفلت برتنے پر آئی جی جیل خانہ جات کی تنزلی کی گئی ہے، اور جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت آٹھ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور 7 اہلکاروں کو گرفتار کر کے تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ فرار قیدی غازی شہزاد کو آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے 20 جون کو میرپور منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، واقعے کے بعد آزاد کشمیر بھرکی تمام جیلوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

- Advertisement -

حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کو جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

خطرناک قیدیوں کے فرار کے بعد راولاکوٹ جیل کی سیکیورٹی کے حوالے اہم انکشاف

دوسری طرف محکمہ داخلہ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق راولاکوٹ جیل سے قیدیوں کے فرار پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے چیئرمین سیکریٹری ان لینڈ ریونیو محمد رقیب ہوں گے، کمیٹی کے ممبران میں کمشنر پونچھ سردار وحید اور ڈی آئی جی پونچھ شہریار شامل ہیں۔

یہ کمیٹی قیدیوں کے فرار میں جیل حکام کے ملوث ہونے اور دیگر معاملات کا جائزہ لے گی۔

راولاکوٹ میں جیل سے سزائے موت کے 20 قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار

سیکریٹری اطلاعات آزاد کشمیر کے مطابق 30 جون کو راولاکوٹ جیل سے 20 قیدی فرار ہوئے تھے، جیل عملے سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی زخمی ہوا، جو بعد ازاں مقامی اسپتال میں دوران علاج ہلاک ہو گیا، جب کہ فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں