راولپنڈی : روالپنڈی کے ضلع کوٹلی ستیاں کے علاقے موڑی میں بدفعلی کا نشانہ بننے والا کمسن بچہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق روالپنڈی کے ضلع کوٹلی ستیاں سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ بچے کو پانچ روز قبل اوباش نوجوانوں نے زیادتی سے انکار پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اُس کے ساتھ بدفعلی کی۔
نوجوان کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال روالپنڈی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُس کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا۔
میڈیکل لیگو آفیسر اور پولیس کے مطابق متاثرہ بچہ دو روز تک اسپتال میں زیر علاج رہا اور وہ اتوار کی شام زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے دوست اُسے تفریحی کے لیے اپنے ساتھ لے گئے تھے، جب وہ رات گئے تک گھر واپس نہیں آیا تو اہل خانہ نے گمشدگی سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا۔
تھانہ کوٹلی ستیاں پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ بچے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اُس کے ساتھ بدفعلی بھی کی گئی ہے۔ مقتول کی شناخت احسن علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈاکٹرز نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے مقدمہ کے اندراج کے لیے اہل خانہ سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔