راولپنڈی: پنجاب کے شہر راولپنڈی میں سفاک شوہر نے بیوی اور 2 بیٹیوں کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ صدر کی حدود واہ میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی اور 2 بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
فائرنگ سے تینوں موقعے ہی پر جاں بحق ہوگئیں۔ باپ کے ہاتھوں قتل ہونے والی بچیاں 12 اور 8 سال کی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم اظہر شاہ نے گھر میں فائرنگ کرکے ماں اور بیٹیوں کو قتل کیا، ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ موقعے سے فرانزک لیبارٹری کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔