راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں ذاتی دشمنی پر قربانی کے جانوروں کو گولیاں مار دی گئیں۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ راولپنڈی تھانہ چونترہ کے علاقے چھچھ میں پیش آیا ، جہاں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قربانی کے لیے لائے گئے تین بیل مار دئیے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں گروپوں کی درمیان کاروباری رنجش اور دشمنی تھی جس کا نشانہ قربانی کے جانور بنے، مسلح ملزمان بیلوں کو گولیاں مارنے کے بعد قربانی کے لئے لائے گئے مزید چار جانور اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ چونترہ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کئے جبکہ متاثرہ افراد کی جانب سے ملزمان کے خلاف تھانہ چونترہ میں اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج ہوتے ہی ملزمان کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔