راولپنڈی: راولپنڈی کے گاؤں میال میں خاندانی دشمنی پر فائرنگ کا اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ چونترا کی حدود میں واقع گاؤں میال میں خاندانی دشمنی پر ایک فریق نے دوسرے کے گھر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مرد بھی زخمی ہوئے۔
علاقہ مکینوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے دس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے مزید تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مخالفین نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق مذکورہ علاقے میں مسلح گروپوں کے خلاف سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آپریشن کلین اپ کروایا تھا، اُن کے بعد ایک بار پھر مسلح افراد نے منظم نیٹ ورک قائم کرلیا ہے۔
مذکورہ علاقہ راولپنڈی ہیڈ کوارٹر سے ڈیڑھ دوگھنٹے کی مسافت پر واقع ہے جبکہ یہ چونترا تھانے کی حدود میں آتا ہے، میال اور تھانے کے درمیان 7 سے 8 کلومیٹر کی مسافت ہے، میال تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کے حلقے میں آتا ہے جبکہ یہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا بھی حلقہ ہے۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشاورت کی گفتگو
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بطور وزیر واقعے کا نوٹس لے کر ڈی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ علاقہ ایس ایچ اوسےبھی بازپرس کی جائےگی، عوام کےجان ومال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ڈی پی او کو ہدایت کی ہےفوری علاقےمیں پہنچ کرانکوائری کریں، اضافی فورس اور ایلیٹ فورس کو بھی علاقےمیں بھیج دیاہے۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ دوگروپوں میں دشمنی چل رہی تھی جس پرفائرنگ کی گئی، رب نواز نامی شخص نےمخالفین کےگھرمیں داخل ہوکرفائرنگ کی، میں ذاتی طور پرواقعےکی انکوائری کررہا ہوں،ملزمان کوگرفتارکیاجائے گا۔