راولپنڈی: ایک گھر میں کھدائی کے دوران 5 سال قبل قتل ہونے والے شہری کا ڈھانچا برآمد ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کے علاقے جاتلی میں قتل کی سفاکانہ واردات ہوئی تھی، پولیس نے پانچ سال بعد ایک اغوا شدہ شخص کا کیس سلجھا لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت علی نے 2017 میں اپنے بھائی عاشق علی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، اس مقدمے میں ندیم نامی شخص کو نامزد کیا گیا تھا۔
معلوم ہوا کہ پانچ سال قبل اغوا ہونے والا عاشق علی گونگا اور بہرا تھا، جسے بعد میں بد قسمتی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
محکمہ پولیس کے مطابق اس کیس میں پانچ سال بعد پولیس نے مقدمے میں نامزد شخص ندیم کے گھر میں کھدائی کی تو زمین میں دفن عاشق علی کی لاش برآمد ہو گئی، جو اَب محض ڈھانچے کی صورت میں ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول کے بھائی شناخت علی نے انگوٹھی اور ایک مصنوعی دانت سے اپنے بھائی عاشق علی کی لاش شناخت کی۔
لاش برآمد ہونے کے بعد مقدمے میں نامزد شخص ندیم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جب کہ برآمد ہونے والے انسانی ڈھانچے کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔