راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں ٹک ٹاک ویڈیو سے مشہور ہونے کے چکر میں نوجوان ٹرین سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں حمزہ نامی نوجوان نے ٹرین کی آمد کے عین وقت پٹری کے ساتھ چلنے کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کی کوشش کی۔
نوجوان ویڈیو بنا رہا تھا کہ اسی دوران پیچھے سے ٹرین ہارن بجاتی ہوئی آئی مگر حمزہ کو اس کی کوئی فکر نہیں ہوئی اور وہ رفتار سے آنے والے انجن سے ٹکرا کر ایک طرف گر گیا۔
نوجوان کے سر میں شدید چوٹ آئی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ حمزہ کی ٹرین سے ٹکر کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کی مگر اُسے خطرناک ہونے کی وجہ سے خبر کا حصہ نہیں بنایا جارہا۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے شہری اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کے شوق نے سیکیورٹی گارڈ کی جان لےلی
عینی شاہدین کے مطابق حمزہ نامی نوجوان راولپنڈی کے نورانی محلے کا رہائشی تھا اور وہ ویڈیو بنانے کے لیے شاہ خالد کالونی پہنچا تھا۔ پٹری کے پاس پہنچنے کے بعد نوجوان نے جب ہزارہ ایکسپریس نامی ٹرین کو دور سے آتا ہوا دیکھا ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی اور اسی دوران حادثہ پیش آگیا۔ واقعے کے بعد 1122 ریسکیو حکام نے لاش کو بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔