راولپنڈی: پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ذہنی معذور شخص نے ایک بار پھر خوف پھیلانا شروع کردیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں خوف پھیلانے والے ذہنی مفلاج شخص نے شہریوں پر دوبارہ حملے شروع کردیئے۔
جنونی شخص نے فیض آباد میں راہ چلتے شہریوں پر اینٹوں اور پتھروں سے حملے اور ایک بزرگ شہری کو اینٹ مار کر شدید زخمی کردیا جنہیں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
بزرگ شہر کے سر پر گہرا زخم آیا جبکہ اینٹ لگنے کی وجہ سے آنکھ پر بھی چوٹ آئی، ڈاکٹرز نے زخمی شخص کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔
مذکورہ شخص نے گزشتہ چند گھنٹوں میں دو لوگوں کو پتھر مار کر زخمی کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اطلاع دینے کے باوجود بھی پولیس آدھا گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی جائے وقوعہ نہیں پہنچی، جس کے بعد شہریوں نے جنونی شخص کو خود ہی تھانے منتقل کیا۔
اطلاع ہے کہ مذکورہ شخص نے چند ماہ قبل موٹرسائیکل اور سائیکل سواروں سمیت پیدل چلنے والوں پر بھی حملے کئے تھے، پولیس نے دو دن کی تلاش کے بعد ذہنی معذور شخص کو گرفتار کیا اور پھر رہا کردیا تھا۔