کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب وینٹی لیٹر، مشینری کی خریداری کے لیے 5 ارب روپے کا قرض مختص کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ مانیٹری پالیسی کے ساتھ کرونا سے بچاؤ کے لیے سہولت کا بھی اعلان کیا گیا ہے، مریضوں کی تعداد بڑھنے پر قرض کی حد 5 ارب سے بڑھائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینک فی اسپتال تین فیصد شرح پر 20 کروڑ روپے تک قرض دیں گے، شرح سود کا اعلان مہنگائی کی شرح اور معاشی نمو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
رضا باقر نے کہا کہ معاشی اعدادوشمار مستحکم ہیں، سب کو مانیٹری پالیسی کا انتظار تھا، تمام سینٹرل بینک اپنے اعدادوشمار کے حساب ہی فیصلے کرتے ہیں، امریکا کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو ملانا درست نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں کمی کا اعلان
گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کرونا سے پہلے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہورہی تھی، مالی سال 2020 میں پاکستان کا ہدف جی ڈی پی 3.5 فیصد تھا، لیکن اب پاکستان کا جی ڈی پی نمو 3 فیصد رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا، کرونا کے سبب اگر برآمدات کم ہوئیں تو درآمدات بھی کم ہوں گی۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں کمی کردی ہے، شرح سود 75 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد 13.25 فیصد سے کم ہوکر 12.50 پر آگئی ہے۔