کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ فاروق ستارایم کیوایم میں 12 ویں کھلاڑی ہیں، 12 واں کھلاڑی کپتان کیسے بن سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے کہا کہ ایم کیوایم کا چہرہ کل گھناؤنے طریقے سے سامنے آیا۔
رضا ہارون نے کہا کہ لڑائی کراچی کے مسائل پر نہیں بلکہ سینیٹ کے ٹکٹ پرہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جوایک ٹکٹ پرلڑرہے ہیں 200 ٹکٹس پران کا کیاحال ہوگا۔
پی ایس پی کے رہنما نے کہا کہ فاروق ستار جس ایم کیو ایم کی بات کرتے ہیں اس کا کردارمشکوک ہے، آج کی ایم کیو ایم کون سی ہے اس کا پتہ لگانا باقی ہے۔
رضا ہارون نے کہا کہ سندھ مسائل کا شکار ہے، کراچی کے لوگ گندا پانی پینے پرمجبور ہیں۔
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایم کیوایم کے موجودہ رہنما قیادت کے اہل نہیں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی متبادل جماعت کراچی میں آچکی ہے۔
کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے، خالد مقبول صدیقی
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار دو ساتھیوں کی قربانی دے کر کامران ٹیسوری کو سینیٹ ممبر بنانا چاہتے ہیں لیکن ایم کیوایم میں انفرادی خواہش پر کسی کو کبھی عہدے نہیں دیے گئے۔
بعدازاں سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ بہادر آباد میں غیر آئینی اجلاس کرنے والے اراکین رابطہ کمیٹی کومعطل کرتا ہوں۔