اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنے والی قومی ٹیم کو پارلیمنٹ آنے اور استقبالیے کی دعوت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاؤس آنے اور اراکین سینیٹ کی جانب سے استقبالیے کی دعوت دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں فاتح ٹیم کو پارلیمنٹ میں آنے کے لیے اور پرتکلف استقبالیے میں مدعو کیا گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے قومی ٹیم کا چیمپئن ٹرافی میں کامیابی کو دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو شکست دے کر ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور خوشی کے اس موقع پراراکین سینیٹ اپنی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہے۔
خیال رہے پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کرتاریخ رقم کردی ہے جس کے بعد پاک فوج، حکومت، اپوزیشن، سماجی حلقوں اور سیاست دانوں کی جانب سے انعامات کےاعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔