اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور محنت کش افواج پاکستان کے ساتھ ہیں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا پاکستان منہ توڑ جواب دے گا.
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپسی اختلافات بھلانے ہوں گے، وزیر خارجہ پریس کانفرنس کی بجائے ایوان میں تفصیلات بتائیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس میں بھارت کی شرکت کا معاملہ بھی تشویش ناک ہے، او آئی سی کو چاہیے کہ بھارت کو شرکت کی دعوت منسوخ کرے.
رضاربانی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ میں کہیں بھی ظلم ہو پاکستان پہلے آواز اٹھاتا ہے، پاکستان بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا.
انھوں نے کہا کہ قوم بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لئے فوج کی پشت پرکھڑی ہے، پارلیمنٹ پرمختلف اوقات میں خطرے کے بادل منڈلاتے رہے، ہم متحد ہیں.
خیال رہے کہ آج بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی اجلاس ہوا، جس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کی اور پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔