اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ تمام ادارے آئین کے دائرے میں رہ کر اپنا کام کریں و گرنہ خاکم بدہن اداروں کے درمیان محاز آرائی وفاق کے لیے نقصان دہ ہوگی.
وہ سینیئر سیاست داں جاوید ہاشمی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے، رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیاد اسلام پر رکھی گئی ہے اور 80 فیصد لوگ مسلمان ہیں چنانچہ جوملک اسلام کی بنیاد پر بنا اس میں اسلام کو کیسے خطرہ ہوسکتا ہے؟ لیکن بدقسمتی سے مذہب کو سیاسی ایجنڈا بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے.
انہوں نے کہا کہ ضیاء دور میں منصوبے کے تحت طلبہ تنظیموں کو کالعدم کیا گیا اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ طلبہ تنظیموں کو بحال کیا جائے آئین میں ہے ریاست کا مذہب اسلام ہے آرٹیکل 31 کو آرٹیکل 2 کے ساتھ پڑھا جائے تو بات اور واضح ہوجاتی ہے پاکستان کےعوام کی محبت دین کے ساتھ ہے.
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئین کہتا ہے کہ پرائیویٹ لشکر نہیں بن سکتے اور وہ بن رہے ہیں لیکن یہاں آئین کی خلاف ورزی ہمیں نظرنہیں آتی ہے اور ہم سب چپ سادھے بیٹھے ہوتے تھے یہ دہرا معیار ختم کرنا ہوگا.
انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی صاف و شفاف اور قابل تقلید سیاست دان ہیں جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ہے اور جو آج بھی جاری ہے جس پر انہیں جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے.