بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

پیپلز پارٹی سمیت کسی جمہوری حکومت نے تعلیم و صحت میں کام نہیں کیا، رضا ربانی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : چیئر مین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ ملک کو ڈکٹیٹرز نے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے لیکن پیپلز پارٹی سمیت کسی جمہوری حکومت نے بھی تعلیم و صحت کے شعبے میں کوئی کام نہیں کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے بحریہ یونیورسٹی کراچی میں منعقد کردہ ایک تقریب میں’’ آئینی حکمرانی کی اہمیت‘‘ پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے کیوں کہ پلی بارگین قانون کی موجودگی تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ہے اس قانون کی وجہ سے نیب کرپشن کے خاتمے کا نہیں بلکہ بڑھاوے کا باعث بن رہا ہے۔

چئیر مین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان جس مقصدکے لیےحاصل کیاگیا تھا اب وہ تبدیل ہوچکا ہے جس کی بنیادی وجہ ملک میں آئین کی حکمرانی اور پارلیمانی نظام حکومت کو نہ چلنے دینا ہے دوسری منتخب نمائندوں نے بھی اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے نہیں نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے جمہوریت پر بار بار شب خون نے حالات اس نہج تک پہنچادیئے ہیں اور اس کے ذمہ دار وہ ڈکٹیٹرز ہیں جنہوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور طلبا و ٹریڈز یونین پر پابندی عائد کر کے اظہار حق رائے دہی پر قدغن لگائی۔

رضا ربانی نے کہا کہ سیاستدانوں کے خلاف ہمیشہ منفی پروپیگنڈا کیا گیا اور اس آڑ میں سیاست دانوں پر اور سیاسی سرگرمیوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں جس کے لیے ملک میں سیاست دانوں کے لیے کچھ اور اور دیگر کے لیے کچھ اور رویوں کو پروان چڑھایا گیا۔

انھوں نے کہا کہ سابق صدر ضیاء الحق نے آئین میں ترامیم کرائیں اور مذہبی جماعتوں اور انتہا پسندی کو فروغ دیا جب کہ دانشوروں ، ادیب اور سیاسی و سماجی رہنماؤں پر پابندی لگا کر پابند سلاسل کیا۔

اس موقع پر میاں رضا ربانی نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینٹ ہونے کے باجود لاپتہ افراد کے لیے کچھ نہیں کرسکے ہیں اس حوالے سے اپنی کارکردگی پر افسوس بھی ہے اور تشویش بھی ہے۔

رضاربا نی نے کہا کہ میری اپنی جماعت پیپلزپارٹی سمیت جمہوری حکومتوں کے ادوار میں تعلیم اورصحت کے شعبوں کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے جس کا خمیازہ آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑےگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں