اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی کو جیل میں قید نہیں کیا جاسکتا، اسے ہتھکڑی نہیں پہنائی جاسکتی، ایوان کی بالا دستی کی جنگ ہر فورم پر لڑیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آپ نے انتہائی مشکل وقت میں منصب سنبھالا ہے، ایک پیغام پارلیمان سے واضح طور پر جانا چاہیے کہ سینیٹ کی بالادستی کو قید نہیں کیا جاسکتا۔
سینیٹ الیکشن: سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب، عثمان کاکٹر کو شکست
انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہم دونوں نمائندوں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں، پارلیمان کی بالا دستی ہم سب کا مشن ہے، اداروں کی مضبوطی اور آئین کی حکمرانی ہم سب پر فرض ہے۔
رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تین سال کے لیے نامزد کیا تھا جس پر آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، بلاول بھٹو کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ دیا، مجھ پر اعتماد کرنے پر نواز شریف، سراج الحق، حاصل بزنجو کا بھی شکر گزار ہوں۔
میرصادق سنجرانی : شکایات سیل کے سربراہ سے چیئرمین سینیٹ تک
واضح رہے کہ آج ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات منعقد ہوئے، جس میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار میر صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوئے۔ ان کے مدمقابل راجا ظفر الحق 46 ووٹ لے سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین کے لیے الیکشن ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی 54 ووٹ لے کر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے، جبکہ حکومتی اتحاد کے ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار عثمان کاکڑ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نومنتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نے حلف اٹھا لیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔