اسلام آباد: امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ و استحکام دینے میں دلچسپی کاا ظہار کیا گیا۔
امریکی وزیر کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں باہمی تجارت کو مزید فروغ اور استحکام دیا جا سکتا ہے، زرعی شعبے میں فوری اضافے کی واضح صلاحیت موجود ہے۔
ایلس ویلز نے کہا کہ معروف امریکی کمپنیاں پاکستان میں طویل عرصے سے کام کر رہی ہیں، مزید امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔
مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی گنجائش ہے، امریکی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی فروغ کے لیے بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ ترجیحی تجارت کے لیے جلد بات چیت ہوگی۔
Met the U.S, Acting Assistant Secretary of State for South and Central Asian Affairs, Ms. Alice Wells. The U.S is eager to increase the trade potential between our two nations. Ms. Wells is of the opinion that agriculture is one sector where immediate progress can be made. 1/3 pic.twitter.com/EcUw9okeRr
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) January 20, 2020
خیال رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچیں، ایلس ویلز دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔
ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔ ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
امریکی نائب وزیر خارجہ 13 جنوری سے سہ ملکی دورے پر ہیں، سب سے پہلے انہوں نے سری لنکن دارالحکومت کولمبو کا دورہ کیا، اس کے بعد وہ بھارت گئیں اب اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وہ پاکستان آئی ہیں، ان کا یہ دورہ 22 جنوری تک جاری رہے گا۔