اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد سے پاکستان میں تعینات افغان سفیر شکراللہ عاطف مشال نے وزارت تجارت میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ترجیحاتی تجارتی معاہدے پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
اس سلسلے میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے ٹیرف لسٹوں کا تبادلہ کریں گے جس کے بعد دونوں ممالک کی ٹیکنیکل کمیٹیز ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں طورخم اور غلام محمد پوائنٹس سمیت نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولنے پر بھی اتفاق کیا۔ افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے بعد افغانستان میں تجارت کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے سفیر نے مشیر تجارت کوآگاہ کیا اور بتایا کہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔
اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے دیرینہ تعلقات ہونے کے باوجود تجارتی تعلقات اب بھی ممکنہ حد سے بہت کم ہیں جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جولائی میں ملکی برآمدات ایک ارب 87 کروڑ ڈالر رہیں: مشیر تجارت
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے مواقع تلاش کر کے تجارتی تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معائدے پر بات کرتے ہوے مشیر تجارت نے کہا کہ اس کو صحیح معنی میں نفاذ کیا جائے۔
دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ کے لئے رواں ماہ کے آخر میں مشیر تجارت عبدالرزاق داود افغانستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھایا جائے گا۔