جمعہ, نومبر 15, 2024
اشتہار

بلاول بھٹو کی شادی: سیاست دانوں اور عوام کے مشورے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : بلاول بھٹو کی جانب سے اپنی شادی کے لیے لڑکی کے انتخاب کی ذمہ داری بہنوں کو تفویض کرنے پر سیاست دانوں اور عوام الناس کی جانب سے ملے جلے مگر دلچسپ ردعمل سامنے آرہے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ شادی سے متعلق بلاول بھٹو کی بات سُن کر خوشی ہوئی وہ جوان ہیں، خوبصورت ہیں،اچھے خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں ایک جماعت کے سربراہ ہیں ان کے لئے لڑکیوں کی کمی نہیں ہوگی بلکہ مشکل یہ ہو گی کہ کس سے شادی کریں اور کس سے نہ کریں۔


اسی سے متعلق : شادی بہنوں کی پسند سے کروں گا،بلاول بھٹو زرداری


- Advertisement -

ایاز صادق نے کہا کہ اس کے باوجود بلاول بھٹو کا اپنی شادی کے لیے لڑکی ڈھونڈنے میں بہنوں کی رائے کو فوقیت دینا نہایت اعلیٰ طرفی اور فرمانبرداری کی علامت ہے،میں بلاول کے لیے دعا گو ہوں اللہ انہیں صحت اور لمبی عمر عطا فرمائے اور وہ اپنی ازدواجی زندگی میں بھی کامیاب رہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے بلاول بھٹو کی شادی کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کی بات اپنی جگہ درست تاہم انہیں چاہیے کہ ارینج میرج کے بجائے اپنی پسند سے محبت کی شادی کریں جس سے ذہنی ہم آہنگی ہو اور وہ ایک سیاست دان کی مصروف زندگی سے بھی آگاہ ہو ورنہ بلاول کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہو جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت عابد شیر علی نے بلاول بھٹو کی ازدواجی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے بلاول ارینج میرج کریں یا پسند کی شادی کریں، یہ ان کی صوابدید پر ہے لیکن میرا بس اتنا مشورہ ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید سے دور رہیں ان دونوں کے سائے بلاول کی ازدواجی زندگی پر نہ پڑیں تو خوشگوار زندگی گزاریں گے۔

سیاست دان تو سیاست دان عوام الناس میں بھی بلاول بھٹو کی شادی کی خبر پر دلچسپ تبصروں اور ردعمل کا سلسلہ جاری ہے، عوام کی کثیر تعداد نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو کے بہنوں کی پسند سے شادی کرنے کے فیصلے کو سراہا ہےایک صاحب نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ پہلے شیخ رشید کی شادی کرائیں(دیکھیں ویڈیو)۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں