چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے پتا ہے کس نے مجھ پر حملہ کرایا میں اسے معاف کرنے کو تیار ہوں۔
زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سب سے بات کرنے اور سب سے سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، آگے جو حالات ہیں سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا پڑے گا، نیلسن منڈیلا نے بھی سب کو معاف کر دیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے دو مہینے پہلے بتا دیا تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے، مجھے پتا ہے اس کے پیچھے کون ہے، منصوبہ بندی کر کے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی، دشمن بھی ملک کے ساتھ وہ نہ کرے جو ان جماعتوں نے کیا، 11 مہینوں میں ہمارے لوگوں پر ظلم کیا گیا انہیں جیلوں میں ڈالا گیا۔
اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے بجائے پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن ہونے چاہئیں، ملک بھر میں الیکشن ہوں گے تو استحکام آئے گا، قومی الیکشن ہوئے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے عوام میں اعتماد آئے گا کہ یہ حکومت 5 سال کیلیے آگئی ہے، جب تک اعتماد نہیں ہوگا تو انویسٹر اپنا پیسہ نہیں لگائے گا، اس کیلیے سب سے زیادہ سیاسی استحکام چاہیے۔