اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں سینیٹرفاروق ایچ نائیک نے سوال کیا بچوں کی اسٹیشنری پر ٹیکس کیوں نہیں ختم کیا گیا تو چیئرمین ایف بی آر نے بتایا آئی ایم ایف نے صرف ٹیکسٹ بک پر ٹیکس ختم کرنے کی اجازت دی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں بچوں کی اسٹیشنری پر ٹیکس کا تذکرہ آیا، سینیٹرفاروق ایچ نائیک نے کہا کہ بچوں کی اسٹیشنری پر ٹیکس کیوں نہیں ختم کیا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے بتایا کہ ہم نےآئی ایم ایف کو اس حوالے سے لکھا ہے،آئی ایم ایف نے صرف ٹیکسٹ بک پر ٹیکس ختم اور نیوزپیپرزپربھی ٹیکس کے خاتمے کی اجازت دی۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ہمیں کم از کم بچوں کی تعلیم کو تو سستا کرنا چاہیے، پہلےتو آئی ایم ایف ٹیکسٹ بک اور نیوزپیپر پر بھی نہیں مان رہا تھا۔
جس پر امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ ہم پوری رات آئی ایم ایف کے ساتھ بیٹھے رہے، فاروق ایچ نائیک نے وزیر خزانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ صاحب آپ ہی اس حوالے سے کوئی حل نکالیں۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ بالکل بہت سی چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے،بہت سے چیریٹبل اسپتال ہیں جن پر ٹیکس ہونا چاہیے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آغا خان کو چیریٹبل میں رکھا ہوا ہے، آپ کوپتاہےاسکی فیس کتنی ہے، مجھ سے ٹیکس لیں میں منع نہیں کروں گا لیکن بچوں کوتوپڑھنےدیں۔