اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی میں پھیلی پُرسرار بدبو سے شہری پریشان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہرقائد میں جاری پُرسرار بدبو کے باعث شہری پریشان ہوگئے ہیں ، محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ سمندر میں بننے والی ہوا کا کم دباؤ بدبو کی بڑی وجہ ہوسکتا ہے جبکہ محمکہ موسمیات نے کہا اس کی وجہ ہاکس بے پر پھیلا تیل جیسا چکنا مواد ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات سے پُر اسرار اور ناگوار بدبو نے کراچی کے شہریوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے، محکمہ ماحولیات نے شہرمیں محسوس کی گئی پر اسرار بدبو کی وجہ بتاتے ہوئے کہا سمندری ہوا کےکم دباوٴ اور سمت تبدیلی بدبوکی وجہ ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عمران صابر نے بتایا کہ گرشتہ رات سے شہرمیں بدبو سے متعلق شہریوں کی جانب سےشکایات آرہی ہے، سمندر میں بننے والا ہوا کا کم دباو بھی اس بدبو کی ایک بڑی وجہ ہوسکتا ہے، ہر سال ماہ ستمبر اور اکتوبر میں کراچی میں ہوا کی سمت میں تبدیلی ہوتی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کا کہنا تھا کہ کہ بظاہر ہوا کی سمت میں ہونیوالی تبدیلی اس بو کی اہم وجہ لگ رہی ہے، مزید معلومات حاصل کی جارہی ہے کہ شہر میں گذشتہ رات آنیوالی بو کی اصل وجہ کیا تھی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہاکس بے کے بڑے حصے پر تیل جیسا چکنا مواد پایا گیا ہے، جو اس بدبو کی اصل وجہ ہے ۔

مزید پڑھیں : شہر قائد کی فضا میں‌ بساند پھیلنے کا معمہ حل ہوگیا

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ تیل جیسا چکنا مواد پہلے چرنا ساحل پر پایا گیا جو بہتا ہوا ہاکس بے اور ریت کے ٹیلوں تک آگیا ، تیل جیسا چکنا مواد دو سے تین کلو میٹر کے فاصلے تک پھیلا ہوا تھا، جس کے ذرات ہوا میں شامل ہو کر بدبو کا باعث بنے۔

یاد رہے گذشتہ سال جون میں بھی شہر قائد کی فضا میں پراسرار بدبو پھیلی تھی، جس کے بعد ماحولیات اور جانوروں کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے بتایا تھا کہ مئی اور جون میں لہروں کا رخ بدلتا ہے جس کے باعث سمندر میں موجود تیمر (مینگروز) کے پودے سڑ جاتے ہیں، کراچی کی فضاؤں میں پھیلی ہوئی بساند ان ہی مینگروز کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں