ان دنوں انٹرنیٹ کی دنیا میں چیٹ جی پی ٹی اور اس کی صلاحیت کے چرچے ہیں، یہ ایسا سافٹ ویئر ہے جو آپ کے ہر قسم کے پوچھے گئے سوال کا جواب دے کر حیران کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم یہ بات بھی سامنے آ رہی ہے کہ کئی ایسی چیزیں ہیں اور معاملات ہیں جن پر یہ سافٹ ویئر ناکام ہو جاتا ہے، اور بعض اوقات اس کی دی ہوئی معلومات غلط بھی نکلتی ہیں، اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ ہی نہیں ہوتا، جیسا کہ کسی تازہ ترین واقعے پر۔
خیر، ہم نے اس کا دل چسپ طور سے امتحان لیا، اور اس کے جواب نے حیران کر دیا، ہمارا سوال تھا ایک اچھی سی ریسیپی پر۔ سب سے پہلے چیٹ جی پی پی ٹی پر ہم نے کہا: ’’برائے کرم مجھے کھانوں کی کوئی ترکیب بتائیں۔‘‘
چیٹ جی پی ٹی کا جواب تھا: ’’بالکل! یہ ایک کلاسک اور مزیدار ڈش کی ترکیب ہے: گوشت کی چٹنی کے ساتھ اسپیگٹی۔‘‘
’’اجزا:
1 پاؤنڈ گراؤنڈ بیف (یعنی چھری سے باریک کٹا گائے کا گوشت)
1 چھوٹی پیاز، باریک کٹی ہوئی
2 جوے لہسن، کٹے ہوے۔
1 کین (28 اونس) پسے ہوئے ٹماٹر
1 کین (6 اونس) ٹماٹر پیسٹ
1 چائے کا چمچ خشک تلسی
1 چائے کا چمچ خشک اوریگانو
1/2 چائے کا چمچ نمک
1/4 چائے کا چمچ کالی مرچ
1 پاؤنڈ اسپیگٹی
اور اوپر ڈالنے کے لیے پنیر
ترکیب:
ایک پین میں درمیانی آنچ پر گوشت، پیاز اور لہسن کو اس وقت تک پکائیں کہ گائے کا گوشت اچھی طرح گلابی ہو جائے، پکنے پر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر دیں۔
اس کے بعد پین کڑاہی سے اضافی چکنائی نکال دیں، اور اس میں پسے ہوئے ٹماٹر، ٹماٹر پیسٹ، تلسی، اوریگانو، نمک اور کالی مرچ ڈال دیں۔ 15 سے 20 منٹ تک اسے پکنے اور ابلنے دیں، اور وقتاً فوقتاً اس میں چمچہ چلاتے رہیں۔
اس دوران پانی میں اسپیگٹی کو اس حد تک پکائیں کہ وہ گلے نہ بلکہ ہلکے سخت رہیں۔
اس کے بعد اسپگیٹی کو پانی سے نکالیں اور اسے پین میں گوشت اور چٹنی کے ساتھ ڈال دیں، انھیں آپس میں اچھی طرح سے ملائیں اور ایک یا دو منٹ تک پکائیں، یہاں تک کہ چٹنی خوب گرم ہو اور اسپیگٹی میں اس میں اچھی طرح سے مل جائے۔
اور اب اس کے اوپر پنیر کے ٹکڑے ڈالیں اور کھانے کے لیے پیش کر دیں۔
پاکستانی ذائقہ
لیکن بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی، اس چیٹ کا دل چسپ مرحلہ اس کے بعد آیا، جب ہم نے اگلا سوال پوچھا کہ: ’’کیا ہم اس کو پاکستان میں بنا سکتے ہیں؟‘‘
چیٹ جی پی ٹی نے جواب دیا: ’’جی ہاں، بلاشبہ آپ پاکستان میں گوشت کی چٹنی کے ساتھ اسپیگتی بنا سکتے ہیں! اس کے اجزا زیادہ تر گروسری اسٹورز میں آسانی سے دستیاب ہو جاتے ہیں، اور ترکیب کو مقامی ذائقوں اور اجزا کے مطابق آسانی سے ڈھالا جا سکتا ہے۔‘‘
چیٹ جی پی ٹی نے مزید کہا: ’’اگر آپ کو گراؤنڈ بیف یعنی چھری والا باریک کٹا گوشت نہیں ملتا، تو آپ اس کی بجائے مشین سے بنایا قیمہ استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ چٹنی میں کچھ مقامی مصالحے بھی شامل کر سکتے ہیں، جیسا کہ زیرا یا دھنیا۔ اور Parmesan پنیر کی بجائے آپ مقامی پنیر استعمال کر سکتے ہیں یا پنیر کو چھوڑ بھی سکتے ہیں۔‘‘
چیٹ جی پی ٹی نے آخر میں یہ بھی کہا کہ کھانا پکانے کی باقی ہدایات بالکل وہی ہیں، لہٰذا آپ گوشت کی چٹنی کے ساتھ مزیدار اسپیگٹی بہ آسانی بنا سکتے ہیں، چاہے آپ دنیا میں کہیں بھی ہوں۔‘‘