قرآن مجید حکمت اور افادیت سے بھری الہامی کتاب ہے جو زندگی گزارنے کا اسلوب بتاتی ہے نوجوان اداکار نے ناقابل فراموش واقعہ بتا دیا۔
اللہ تعالیٰ کی آخری الہامی کتاب قرآن مجید حکمت، دانائی اور افادیت کا مجموعہ ہے جو انسان کو زندگی گزارنے کا طریقہ اور کامیابی کا راستہ بتاتی ہے۔ اس پاک کتاب کا ہر لفظ اور سورۃ اپنے اندر بے پناہ ثواب کے ساتھ فوائد اور تاثیر رکھتا ہے۔
سورۃ الناس قرآن کریم کی بالکل آخری سورۃ ہے۔ یہ سورۃ الفلق کے ساتھ نبی آخر الزمان ﷺ پر نازل ہوئی۔ کئی احادیث سے ثابت ہے کہ ان آیات کی تلاوت اور دم کرنے سے جادو کا اثر زائل ہو جاتا ہے۔ خود نبی کریم ﷺ کا معمول تھا کہ روز سونے سے قبل ان آیات کی تلاوت کرتے اور ہاتھوں پر پھونک پر پورے جسم پر پھیر لیتے۔
سورۃ الناس کے حوالے سے پاکستان کے نوجوان اداکار ثاقب سمیر کو بھی ایک تجربہ ہوا جس کو وہ اپنی زندگی کا ناقابل فراموش اور خوفناک تجربہ بتاتے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی میں انٹرویو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ایک ایسی لڑکی کی مدد کر چکے ہیں، جس پر جنات تھے۔
ثاقب سمیر نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک گھر میں کرائے پر رہتے تھے جہاں ساتھ ہی کے ایک گھر میں دو لڑکیاں رہتی تھیں جن سے ان کی چھت پر ملاقات ہوئی جو وقت گزرنے کے ساتھ دوستی میں بدل گئی۔
اداکار نے بتایا کہ ایک دن ان لڑکیوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک پر جنات کا سایہ ہے، وہ جن کبھی بھی اس پر آ جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں، کیونکہ وہ دونوں بہنیں تنہا رہتی ہیں۔
اس موقع پر ثاقب نے لڑکیوں کو مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اب جب بھی کبھی ایسا معاملہ ہو تو وہ انہیں بلا لیں۔
ثاقب سمیر نے بتایا کہ ایک دن لڑکی پر جن آیا اور اسے دورے پڑنے لگے جس پر انہوں نے مجھ سے مدد طلب کی۔ میں نے ان کے گھر جانے کے بجائے انہیں اپنے گھر بلا لیا
اداکار نے اس وقت کی خوفناک منظر کشی کرتے ہوئے بتایا کہ جب اس لڑکی پر جنات نمودار ہوئے تو اس کے سارے بال چہرے پر بکھر گئے اور اور وہ عجیب آوازیں نکالنے لگی، تب وہ بہت ڈر گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دل ہی دل میں سورۃ الناس پڑھنا شروع کر دی تاہم وہ اس وقت حیران ہوئے جب جن نے ان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ ’’یہ پڑھنا بند کرو‘‘۔
ثاقب سمیر کا کہنا تھا کہ وہ لمحہ ان کے لئے سب سے خوفناک لمحہ تھا کیونکہ وہ تو دل ہی دل میں تلاوت کر رہے تھے مگر اس جن کو معلوم ہوگیا اور اس نے انہیں پڑھنے سے روک دیا۔ وہ خوف سے کپکپانے لگے لیکن پھر بھی ان لڑکیوں کی مدد کی۔