اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ پیسے واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، مزید وصولیاں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندانہ ذہنیت سے بھارتی عوام مصیبت میں مبتلا ہیں، آر ایس ایس کی پالیسی سے بھارت کا وجود خطرے میں ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نوازکو باہر جانےسے روک دیا، نواز شریف کو اجازت دینا زیادتی ہے، عام آدمی جیلیں کاٹتا ہے، امیر لوگ سہولتیں لے کر باہر چلے جاتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کو روکنے سے کچھ نہ کچھ مداوا ہوا ہے، ہم انہیں جیلوں میں نہیں رکھنا چاہتے یہ پلی بارگین کریں، لوٹی دولت واپس کر کے جہاں مرضی جائیں، پیسے واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، مزید وصولیاں ہوں گی۔
نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے پنجاب حکومت کو درخواست
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کروائی ہے جس میں موقف اپنا گیا ہے کہ نوازشریف کا بیرون ملک علاج جاری ہے، بیماری کے باعث وطن واپس نہیں آسکتے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس بھی درخواست کے ساتھ لگائی گئی ہیں۔