پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

وفاقی محکموں میں کوہلو کے ڈومیسائل پر 135 سے زیادہ غیر مقامی افراد کی بھرتی

اشتہار

حیرت انگیز

کوہلو: وفاقی محکموں میں کوہلو کے ڈومیسائل پر 135 سے زیادہ غیر مقامی افراد کی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے، ڈومیسائل پر سندھ، پنجاب، کشمیر اور خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھرتی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کوہلو کے ڈومیسائل پر غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں، ان بھرتیوں میں کلاس 4 سے گریڈ 16 تک کے ملازمین شامل ہیں، معلوم ہوا ہے کہ غیر قانونی ڈومیسائل لوکل برانچ کوہلو کے سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے جاری کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق غیر مقامی افراد کوہلو کے ڈومیسائل پر بھرتی ہو کر کئی سال سے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، یہ انکشاف بھرتی ہونے والے افراد کے ڈومیسائل کی دوبارہ ڈپٹی کمشنر سے تصدیق کے دوران ہوا۔

خیال رہے کہ وفاقی اداروں نے ڈومیسائل کی تفصیل تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر کو بھجوائی تھی، ڈپٹی کمشنر آفس میں انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ ڈومیسائل غیر قانونی طور پر بنائے گئے۔

یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو بلوچستان ہائی کورٹ نے جعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر ملازمتیں دینے کے ایک کیس میں تفصیلی تحریری فیصلہ بھی جاری کیا تھا، شہری کی آئینی درخواست پر جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس روزی خان پر مشتمل بینج نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ بلوچستان کے کوٹے پر قومی اسمبلی میں ملازمت پر خاتون کے خلاف کارروائی کرے۔

جعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر ایک خاتون کو قومی اسمبلی میں ملازمت دی گئی تھی۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ عاصمہ مرتضیٰ نے بلوچستان کے ڈومیسائل پر ملازمت حاصل کی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی تحقیقات کی روشنی میں خاتون کا ڈومیسائل جعلی ثابت ہوا، چیف سیکریٹری بلوچستان ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائے جو جعلی ڈومیسائل اور دہرے لوکل سرٹیفکیٹ کی 2 ماہ میں جانچ کریں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں