کراچی : سندھ میں یونین کونسل کی سطح پر اساتذہ کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری صوبائی کابینہ کی جانب سے سے بھی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اساتذہ کی بھرتی یوسی اور تعلقہ کی سطح پر ہوگی جبکہ سینئر اساتذہ کی بھرتی ایس پی ایس سی کے ذریعہ کی جائے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی بھرتی پالیسی کو فائنل کرنے کیلئے3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو نثار کھوڑو، سید سردار شاہ اور سعید غنی پر مشتمل ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے بتایا کہ اساتذہ کی بھرتی مکمل میرٹ پر ہوگی اور اس سے قبل جو بھرتیاں کی گئیں وہ بھی میرٹ پر ہی تھیں۔
گھوسٹ اساتذہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے ہم نے ریکروٹمنٹ پالیسی کو مزید سخت کیا ہے اور عدالتوں میں چلنے والے کیسز میں ہمارے موقف کو سراہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بہترین تنخواہوں کی پیشکش کررہی ہے، لہٰذا بہترین اساتذہ یا اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کو مقرر کیا جائے گا اور اعلیٰ تعلیم اور غیر معمولی اہلیت رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
واضح رہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں پرائمری اساتذہ کی 30000 اور سیکنڈری اساتذہ کی 7000 آسامیاں خالی ہیں۔