کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
شرجیل میمن کی زیرِ صدارت منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلیے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے مشن کے نمائندگان، منصوبے کے کنٹریکٹرز، انجنیئرز، اور ٹرانس کراچی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں منصوبے کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ منصوبے میں درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کو تیز اور تمام رکاوٹوں کے فوری خاتمے کی ہدایات
لاٹ تھری، ڈیپوز کی ڈزائنس، بایو گیس پلانٹ سمیت دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کے فور واٹر پروجیکٹ کی ایگمینٹیشن اور متعدد کمپنیوں کی جانب سے یوٹیلٹی کی تنصیبات کی منتقلی اہم مسائل ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی جدید، ماحول دوست اور پائیدار پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی جانب ایک تاریخی قدم ہے، تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کام میں دگنی تیزی لائیں، زیادہ سے زیادہ وسائل میدان میں اتاریں اور منصوبہ جلد از جلد مکمل کریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن صرف ایک ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں بلکہ کراچی کے عوام سے ایک بہتر، صاف ستھرا اور قابلِ رسائی شہری مستقبل کا وعدہ ہے، یوٹیلٹیز کی منتقلی سمیت دیگر ایشوز کے حل کیلیے اقدامات کیے اٹھائے گئے ہیں۔
اجلاس میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نمائندوں نے بھی اپنی مکمل معاونت کی یقین دہانی کروائی۔