منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سرخ پیاز بریسٹ کینسر سے بچاؤ میں معاون

اشتہار

حیرت انگیز

کیا آپ تیزی سے پھیلتے ہوئے مرض بریسٹ کینسر سے بچنا چاہتی ہیں؟ تو پھر پیاز کو اپنے کھانے کا لازمی جز بنا لیں۔ حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سرخ پیاز بریسٹ کینسر کے خلاف ڈھال ثابت ہوسکتی ہے۔

کینیڈا کی یونیورسٹی آف گویلف میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سرخ پیاز کینسر کے خلاف بھرپور مزاحمت کرسکتی ہے اور کینسر کے خلیات کو پیدا ہونے سے روکتی ہے۔

تحقیق کے لیے ماہرین نے سرخ اور دیگر رنگوں کی پیاز کو کینسر کے خلیات کے سامنے رکھا، انہوں نے دیکھا کہ دیگر رنگوں کی پیاز کے مقابلے میں سرخ پیاز نے کینسر خلیات پر بھرپور وار کیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سرخ پیاز میں موجود ایک جز کوئسٹن کینسر اور امراض قلب سمیت بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے جبکہ یہ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: 50 سال سے کم عمر خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ دگنا

پیاز اور دیگر سبزیوں میں موجود ایک پگمنٹ اینتھو سائنن جو ان سبزیوں کو رنگ دیتا ہے، کوئسٹن کی اثر انگیزی بڑھاتا ہے۔ یعنی جتنا زیادہ پیاز کا رنگ گہرا ہوگا، اس کا مطلب ہوگا کہ اس میں اینتھو سائنن کی اتنی ہی زیادہ مقدار موجود ہے اور یہ پیاز کینسر کے خلاف اتنی ہی زیادہ مؤثر ثابت ہوگی۔

تحقیق کے مطابق سرخ پیاز کینسر کے خلیوں کے درمیان آپس کے رابطے کو منقطع کرتی ہے جبکہ ان کے لیے ایسا ماحول بناتی ہے جس میں وہ مزید افزائش نہیں پاسکتے۔ سرخ پیاز صرف چھاتی کے ہی نہیں بلکہ بڑی آنت کے کینسر سمیت دیگر اقسام کے کینسرز کے خلاف بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ پیاز کے علاوہ دیگر رنگوں کی پیاز میں بھی اینٹی آکسیڈنٹس کی بھاری مقدار اور کوئسٹن موجود ہوتے ہیں جو کینسر سمیت متعدد بیماریوں سے تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں