کراچی : نگراں وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کے نرخ کم کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، آئندہ ماہ نیا ٹیرف متعارف کرائیں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جارہا ہے، بجلی کے بلوں میں اضافے کی بڑی وجہ بجلی چوری ہے، 31اکتوبر سے پہلےنیا ٹیرف متعارف کرائیں گے۔
سوشل میڈیا پر سولر کی نیٹ میٹرنگ سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 19 روپے کے نیٹ میٹرنگ ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔
نگراں وزیر توانائی نے کہا کہ گیس چوری کیخلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، سردیوں میں ٹیرف سے متعلق بھی کام جاری ہے، گزشتہ دو ہفتے سے ڈالر کی قیمت مسلسل نیچے آرہی ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے بھی بجلی کی قیمت بڑھی۔
محمد علی کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ گیس فراہم کرنے کی کوشش کرینگے، بزنس کمیونٹی کی تجاویز نگراں وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، بجلی کے زیادہ بل اگست میں آئے، آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں اجازت سے تمام کام کرنے پڑیں گے۔