اسلام آباد: پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاجی مظاہرے میں توڑ پھوڑ کے مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت کو نامزد کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمات تھانہ رمنا، ترنول اور تھانہ آبپارہ میں درج کئے گئے ہیں، مقدمات دفعہ188کی خلاف ورزی پردرج کئےگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر ، علی نواز اعوان اور عامر مغل سمیت کئی اہم رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج القادر یونیورسٹی کیس میں نیب نے رینجرز کی مدد سے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا جس کے بعد سے پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی۔
یہ بھی پڑھیں: فوادچوہدری سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری سے بچنے کیلیے درخواست
پی ٹی آئی قیادت کی کال پر مختلف شہروں میں کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا، پنجاب اور کے پی میں مختلف شہروں میں کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کردیں۔
تحریک انصاف کراچی کی قیادت نےشارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بند کردی جس کے سبب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، کارکنوں اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
پولیس شارع فیصل کھلوانے پہنچی جہاں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ بھی کی گئی۔ پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے شارع فیصل پر قیدی وین، واٹر بورڈ کے دو ٹینکر اور رینجرز کی چوکی نذر آتش کیا، اس کے علاوہ ٹائر بھی جلائے۔