لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان لندن سے پاکستان واپس پہنچ گئی ہیں، ریحام خان پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچیں جہاں لاہور کے لئے روانہ ہو گئیں۔
عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ وہ پٹھان ہیں، انہیں جان دینا اور لڑنا بھی آتا ہے، سیاسی تحریک سے پہلے سماجی تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔
کراچی سے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے بہت محبت دی، وطن واپسی پر خوش ہوں، میڈیا میں نازیبا باتوں کے باعث تذبذب کا شکار تھیں، خود کو کلیئر کرنے اور پاکستان کو بدنامی سے بچانے وطن واپس آئی ہیں۔
ریحام خان نے میڈیا میں کیریئر شروع کرنے کا اعلان کیا تو ان سے عمران خان کے انٹرویو کا سوال کیا گیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کے کافی انٹرویو کر چکی ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کیلئے کام کسی کے کہنے پر شروع نہیں کیا تھا، ملک کو سیاست سے زیادہ سماجی تحریک کی ضرورت ہے، پاکستانی خواتین کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی تاکہ کوئی اٹھ کر ان کے خلاف بات نہ کر سکے.
اس سے قبل کراچی پہنچنے پر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، اپنی سرزمین پر پہنچ گئی ہوں، جس سے بہت پیار ہے، جلد ٹی وی پروگرام میں نظرآؤنگی.
Landed in the land that I love. Pakistan the land of wonderful people.
— Reham Khan (@RehamKhan1) December 3, 2015
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ سیاست سے پہلے سماجی گندگی صاف کرنا چاہیے، اپنے بارے میں نازیبا باتیں سنکر وطن واپس آئی، مجھ پر تنقید کرنیوالے صرف چار ہی لوگ ہیں.
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحام خان کو پاکستان میں چند افراد سے خطرات کا سامنا ہے، انہیں یہ دھمکیاں ، بذریعہ ای میل اور آن لائن دی گئیں۔ ریحام خان کا بیٹا لندن میں ہے جبکہ ان کی دو بیٹیاں پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔