ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

ریحام اورعمران خان کا ریحام پرتنقید کے خلاف ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان این اے 19 میں شکست کے
بعد اپنی اہلیہ ریحام خان پر ہونے والی تنقید پر برہم ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر این اے 19 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی شکست کے بعد عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریحام خان این اے 19 میں کی انتخابی مہم میں تحریک انصاف کے امیدوار راجہ عامر زمان کے اصرار پر شریک ہوئی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر رکھی جائے کہ پی ٹی آٗئی ممبران بالخصوص خواتین کے اصرار کے سبب ریحام خان پارٹی فنکشنز میں شریک ہوتی ہیں۔  

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہر قسم کی اقربا پروری کی مخالف ہے۔ ریحام کو نہ ےتو کوئی پارٹی عہدہ ملے گا، نہ ہی خیبر پختونخواہ میں کوئی پوزیشن ملے اور انہیں سرکاری پروٹوکول بھی نہیں دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید کہا کہ ریحام خان ان کی جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتیں۔  

ان کا کہنا تھا کہ ریحام سیاسی سرگرمیوں میں مشغول ہورہی ہیں اور یہ ہمارے دھرنے کی کامیابی ہے کہ خواتین اور نوجوان سیاست کی جانب راغب ہورہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جب لوگ سیاست کی جانب راغب ہوں گے تب ہی وہ اپنے حقوق اور عدم مساوات کے خلاف کھڑے ہوسکیں گے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ ریحام خان کے پاس پہلے ہی بہت کام ہے بالخصوص بے گھر بچوں کی بہبود کے حوالےسے لہذا وہ آئندہ پی ٹی آئی کے کسی بھی ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گی۔

انہوں اس بات کی بھی وضاحت کی کہ ریحام خان این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں اس لئے شریک ہوئی تھیں کہ ہم وہاں خوف کی فضا کاخاتمہ چاہتے تھے۔

 
ریحام خان کا ردعمل


 

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے بھی خود پر ہونے والی تنقید کے خلاف ٹویٹر کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اوروں کی حمایت کرتی رہی ہوں لیکن ان کی حمایت سے کبھی زندگی میں کچھ حاصل نہیں کیا۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے شادی سے قبل بھی مجھے کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات لڑنے کی دعوت دی گئی لیکن میں نے ہمیشہ انکار کردیا

انہوں نے یہ بھی کہاکہ مجھ سے بارہا یہ سوال پوچھا گیا ہے اور میں الیکشن میں حصہ لینے سے انکارکرتی رہی ہوں۔

عمران خان اور میرا مشترکہ مقصد پاکستان کی فلاح ہے عمران خان سیاسی جدوجہد کے ذریعے ایسا کررہے ہیں اور میں رضاکارانہ طور پر بچوں کی تعلیم کے لئے کوشاں ہوں۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں دیکھتی ہوں کہ میرے شوہر اس قوم کے بہتر مستقبل کے لئے کئی کئی گھنٹے کام کرتے ہیں اور میں ہر اس کام میں انکی حمایت کروں گی جس کے لئے انہوں نے اپنی زندگی وقف کررکھی ہے۔

انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ وہ تحریک انصاف کی محض اس لئے حمایت کرتی ہیں کہ ان کے شوہر نے اپنی اس جماعت کے لئے وقف کررکھی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں