اسلام آباد : ریحام خان نے کہا ہے کہ مجھے کئی سابق کرکٹرز نے عمران خان کو بھول جانے اور کسی قسم کی لڑائی سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ مجھے کوئی نقصان نہ پہنچے، جان لیوا دھمکیوں کے باعث ملک چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے.
ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف سے متعلق بات کرنے کے بعد جہاں مجھے قتل کی دھمکیاں موصول ہوری تھیں وہی اب میرے اسٹاف کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ ان دھمکیوں سے گھبرا کر میں نے اپنی بیٹی کو اسکول جانے سے روک دیا ہے جب کہ ہماری نقل و حرکت بھی محدود ہو گئی ہے اس لیے میں نے بہت دکھی دل کے ساتھ یہ ملک ہی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ اپنی اور اپنے بچوں کی جانوں کو محفوظ بنا سکوں.
‘اسی سے متعلق : ’اگر ہم نے لب کشائی کی تو ریحام کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی
ریحام خان نے بتایا کہ میرے اہل خانہ کے علاوہ اب میرے اسٹاف کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں جس میں میرے انٹرویوز اور تقریبات منعقد نہ کرانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور سب سے افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس وقت کوئی سیاسی جماعت نہ میری حمایت کررہی ہے اور نہ ساتھ کھڑی ہے.
خیال رہے دو روز قبل ریحام خان نے ایک بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کی جانب سے شادی کو خفیہ رکھنے اور شادی کی تاریخ سے متعلق جھوٹ بولنے کا انکشاف کیا تھا جب کہ عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق بھی گفتگو کی تھی.