نئی دہلی: پاکستان ٹی وی جرنلسٹ ریحام خان انڈیا ٹوڈے کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لئے بھارت پہنچ گئیں۔
پاکستن تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام نے واہگہ کے راستے بارڈر کراس کیا اور امرتسر سے گزرتے ہوئے گولڈن ٹیمپل پربھی حاضری دی۔
انڈیا ٹوڈے کانفرنس 2016 آج سے دہلی کے تاج پیلس ہوٹل میں شروع ہورہی ہے۔
کانفرنس میں جواہر لعل نہرو یونی ورسٹی ، نیشنل ازم اورحب الوطنی سمیت کئی دیگر موضوعات پر مقررین کی جانب سے خیالات کا اظہار کیا جائے گا۔
بالی وڈ ایکٹریس گل پانانگ ریحام خان کے ہمراہ کانفرنس سے خطاب کریں گی۔ دونوں خواتین سرحد کے دونوں جانب خواتین کے حقوق کو یقینی بنانے اوردونوں ممالک کے درمیان قیام امن کے طریقوں پر اظہارِخیال کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری پہلے ہی عالمی صوفی کانفرنس اٹینڈ کرنے کے لئے ہندوستان میں موجود ہیں جبکہ ریحام کے سابق خاوند عمران خان بھی ممکنہ طور پرپاک بھارت میچ دیکھنے کے لئے بھارت جارہے ہیں۔
عمران خان اورڈاکٹر طاہرالقادری نے 2014 میں پاکستان کی موجودہ حکومت کے خلاف اسلام آباد میں طویل دھرنا دیا تھا۔