مانچسٹر: پاکستانی نژاد ریحان احمد کو انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
لیسٹر شائر کے لیگ اسپننگ آل راؤنڈر ریحان احمد کو دورہ پاکستان کے لیے انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
18 سالہ ریحان اس وقت ابوظہبی میں انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ کے خلاف تین روزہ وارم اپ میچ کا حصہ ہیں۔ ریحان نے اپنے کوچز کو متاثر کیا جس کے بعد اُن کو سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
ریحان کو اگر پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوران کھلایا گیا تو وہ انگلیند کے ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن جائیں گے۔
انگلینڈ ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب میں اپنے ٹیسٹ کیمپ کے بعد پاکستان کے لیے روانہ ہوگا۔ پاک انگلیند ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔