جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

ایدھی نے آصف زرداری کی بیرون ملک علاج کی پیشکش پر بھی معذرت کرلی

اشتہار

حیرت انگیز

 

کراچی : سینیٹر رحمان ملک سابق صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام لے کر عبد الستار ایدھی کی عیادت کے لیے ایدھی ہوم پہنچ گئے اور بیرون ملک علاج کی پیشش کی تاہم عبدالستار ایدھی نے معذرت کرلی.

تفصیلات کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے عبدالستار ایدھی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سابق صدر آصف علی زرداری عبدالستار ایدھی کے صحت کے حوالے سے بہت فکرمند ہیں‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے ایدھی صاحب کو پیغام بھجوایا ہے کہ ’’اگر وہ اپنے علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو ان کے سارے اخراجات اٹھانے کے لیے تیار ہیں‘‘۔ تاہم عبدالستار ایدھی نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جو سہولیات اور سکون پاکستان میں میسر ہے وہ کہیں حاصل نہیں ہوسکتا۔

رحمان ملک نے نوشکی ڈرون حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ملا اختر منصور کو ایرانی سرزمین پر نشانہ اس لیے نہیں بنایا کہ اُن کی پالیسیاں بہت سخت ہیں، پاکستان کو بھی اپنی پالیسیوں میں واضح موقف اپنانا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت افغانستان اور ایران کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے. مصطفیٰ کمال کے الزامات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ ’’جس کشتی کا ملاح نہ ہو وہ چل ہی نہیں سکتی، کمال نے میرے اوپر جھوٹے الزامات لگائے ہیں‘‘۔

یاد رہے قبل ازیں چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے بھی عظیم سماجی رہنما  عبدالستار ایدھی کے بیرون ملک علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم اس پیشکش پر بھی ستار ایدھی نے معذرت کرلی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں