چونیاں : پنجاب میں دیور نے رشتے کے معاملے پر دو ساتھیوں کے ہمراہ بھابی کو سربازار وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
تفصیلات کے مطابق تشدد کی یہ شرمناک روداد پنجاب کے ضلع قصور کے شہر چونیاں میں لکھی گئی جہاں سموں والا کے علاقے میں دیور نے دو ساتھیوں کے ہمراہ خاتون پر تشدد کیا۔
ملزمان نے گزشتہ روز خاتون کو گھر سے زبردستی نکال کر سربازار تشدد کا نشانہ بنایا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دیور اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ بھابی کو بالوں سے پکڑ کر بیچ سڑک پر گھسیٹ رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راہگیروں اور محلہ کی خواتین نے ملزمان سے متاثرہ خاتون روبینہ بی بی کی جان بچائی، جو اب تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہے۔
خاوند نے موقف اپنایا ہے کہ ملزم ایوب کی بہن کے ساتھ متاثرہ خاتون روبینہ بی بی کے بھائی کا رشتہ طے ہوا تھا جو ٹوٹ گیا، اس تنازع پر دیور نے اپنی بھابی پر وحشیانہ تشدد کیا۔