لاہور: لاہورہائیکورٹ نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف پر حملے میں ملوث ملزم کی سزا مکمل ہونے کے بعد رہائی کے لئے درخواست پرسیکرٹری برائے داخلہ کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
آج لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد حمید ڈار نے سابق صدر پر حملے میں ملوث ملزم کی والدہ سائرہ خان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بتایا کہ ان کے موکل عدنان کو 2003 میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر حملے کرنے کے الزام میں 10سال قید سزا سنائی گئی تھی جس کی سزا پوری ہونے کے باوجود عدنان کو ابھی تک اٹک جیل سے رہا نہیں کیا گیا ہے جو قانون اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
سزا پوری کرنے والے ملزم عدنان کی والدہ سائرہ بی بی نے سماعت کے موقع پرعدالت کو بتایا کہ عدنان اس کا اکلوتا بیٹا ہے اوروہ اپنے کیے کی سزا بھی پوری کر چکا ہے اس کے باوجود اسے رہا نہیں کیا گیا ہے لہذا اس کے بیٹے کو رہا کیا جائے۔
اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد سیکرٹری داخلہ اورآئی جی جیل خانہ جات کو جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔