پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مالانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کینیڈا میں ہیں جہاں ان کو دل کا دورہ پڑا۔
یوسف جمیل کے مطابق مذہبی اسکالر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت اب بہتر ہے۔
بابا جان اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے. اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے. آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے. اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے.
— Yousaf Jamil (@YousafjamilMTJ) December 27, 2022
انہوں نے والد کی صحت یابی کے لیے لوگوں سے دعا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔
ادھر ڈاکٹر نے بتایا کہ مولانا طارق جمیل کو طبی امداد کے بعد سی سی یو منتقل کر دیا گیا، ان کی دل کی شریانیں بند تھیں، ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
طارق جمیل اپنے اندازِ بیان کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ 6 براعظموں کا سفر کیا ہے۔ انٹرنیٹ کے اس دور میں آن لائن ان کے بیانات سننے والوں اور ان سے عقیدت رکھنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
طارق جمیل کا تعلق ایک زمیندار گھرانے سے ہے اور ان کی پیدائش ضلع خانیوال کے مياں چنوں علاقے میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے داخلہ لیا تھا۔
دورانِ تعلیم وہ تبلیغی جماعت سے متعارف ہوئے اور پھر اُس سے متاثر ہوکر مذہبی تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ عربیہ رائے ونڈ میں داخلہ لیا تھا اور وہیں سے اپنی دینی خدمات کا سلسلہ شروع کیا اور اسے جاری وساری رکھا۔