اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول رہنماء ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں نامزد تین ملزمان کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔
ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے ملزمان معظم علی خان، خالد شمیم اورسید محسن علی کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کی ہے اور ملزمان کوایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثرعباس زیدی نے مقدمے کی سماعت کی اورملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجا خرم نے ایف آئی اے کو تینوں ملزمان کا سات دن کا ریمانڈ دے کرآج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت میں ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جائے تاہم عدالت نے درخواست مسترد کردی۔
ملزمان کے وکیل انورعلی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹرعمران فاروق اشتہاری رہ چکے ہیں لہذا حکومت ان کی جانب سے مدعی نہیں بن سکتی۔