اسلام آباد : جنوری 2025 میں ملکی ترسیلات زر میں اضافہ ہوا اور 25.2 فیصد اضافے کے ساتھ ترسیلاتِ زر 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوترسیلات زرنہ بھیجنےکی اپیل زمین بوس ہوگئے ، سال 2025 کے پہلے ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب ڈالرملک بھیجے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری2025 میں ورکرز ترسیلات 3 ارب ڈالر رہیں ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2024 کے مقابلے میں جنوری2025 میں25 فیصد زیادہ رقوم بھیجی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے 7 مہینوں کی ورکرز ترسیلات 20.8 ارب ڈالر رہیں، اس دوران ورکرز ترسیلات مالی سال 2024 کے 7 مہینوں سے 31.7 فیصد زائد رہیں، مالی سال 2024 کے ابتدائی 7 مہینوں میں 15.8 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئی تھیں۔
جنوری 2025 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 72.83 کروڑ ڈالر بھیجے ہیں، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2025 میں 62.17 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 44.36 کروڑ اور امریکا سے 29.85 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سےترسیلات بھیجنے میں اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار ہے۔
سیاسی تجزیہ کار نے بھی کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ثابت کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کا ملک دشمن بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔