کراچی : ترسیلاتِ زر کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ، ایک ماہ میں چار ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نےمارچ 2025میں موصول ترسیلاتِ زر کے اعدادوشمارجاری کر دیے۔
جس میں بتایا کہ مارچ 2025میں ترسیلات زر پہلی مرتبہ 4 ارب ڈالر سے زائد رہیں، مارچ 2025میں ترسیلات زر کی مد میں 4.1ارب ڈالر موصول ہوئے۔
ترسیلات زرمیں گزشتہ مالی سال مارچ کےمقابلے میں 37.3 فیصد اضافہ ہوا، فروری 2025 کے مقابلے میں ترسیلات زرمیں 29.8 فیصد اضافہ ہوا۔
رواں مالی سال جولائی تامارچ ترسیلات زرمیں 33.2 فیصداضافہ کے بعد 28ارب ڈالرتک پہنچ گئی، گزشتہ مالی سال کے9 ماہ میں میں ترسیلات زر 21 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے 987.3 ملین ڈالر موصول ہوئے، یو اے ای سے 842.1 ملین ڈالر، برطانیہ سے 683.9 ملین ڈالر اور امریکا سے 419.5 ملین ڈالر ترسیلات زر کی مد میں موصول ہوئے۔
وزیراعظم نے ترسیلات زر پہلی بارکسی بھی 1 ماہ میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرنےپر اظہار مسرت کیا اور اوورسیز سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مارچ 2025 میں ترسیلات زر ایک ماہ میں ریکارڈ بلند ترین سطح 4.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، گزشتہ سال مارچ کے مقابلے اس سال ترسیلات زرمیں 37.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ اضافےکی خوشخبری اوورسیزکی لگن، معیشت پراعتمادکا مظہر ہے، ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا اوورسیزپاکستانیوں کے حکومتی پالیسیوں پراعتمادکی عکاسی ہے۔