سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کی چیئرمین شپ سے ہٹایا گیا تو حالات مزید بگڑجائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے رعایت نہیں مانگ رہے مگر نوازشریف کی صحت اور اُن کے علاج پر تحفظات ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں وہ ڈاکٹرز کی رپورٹ پر عمل کر کے نوازشریف کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرے، حکمران نوازشریف کی بیماری کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ ڈاکٹرز بورڈ کی رائے اور رپورٹ کو تسلیم کیا جائے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کے خلاف پی اے سی میں تحریک عدم اعتماد لائیں گے: شیخ رشید
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی تک تحریک انصاف نے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، عوام کے سامنے تمام تر صورتحال ہے جس کے لیے کسی کو بولنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا گیا تو حالات خراب ہوں گے، ہم اس نظام کو منجمند کرسکتے ہیں مگر جمہوریت کی خاطر کنٹینروں پر چڑھنا نہیں چاہتے۔
یاد رہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے طویل مذاکراتی عمل کے بعد شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین منتخب کیا تھا جبکہ شیخ رشید احمد سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شہبازشریف کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا شہباز شریف سے پی اے سی کی چیئرمین شپ سے استعفے کا مطالبہ
تحریک انصاف کے سینئر صوبائی رہنما علیم خان نے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے فوری بعد الزامات کی تحقیقات تک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد پی ٹی آئی نے بھی شہبازشریف سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا۔