اسلام آباد: نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جب کہ کچھ علاقے گرم اور خشک رہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش ہوئی، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی کے پی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
این ایف آر سی سی کے مطابق گزشتہ روز ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
آئندہ 24 گھنٹے بیش ترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، بالخصوص وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ جب کہ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں انفرا اسٹرکچر کو مزید کوئی نقصان ریکارڈ نہیں کیا گیا، مجموعی طور پر 13074 کلو میٹر سڑکیں، 410 پُلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
آرمی کی امدادی کارروائیاں
آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں نے امدادی کاموں کے لیے 621 پروازیں کیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے اب تک 4659 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا ہے، 147 ریلیف کیمپس، 172 ریلیف کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے۔
10 ہزار 696 ٹن راشن، 1793.2 ٹن غذائی اشیا جمع کی گئیں، مراکز میں ایک کروڑ 10 لاکھ 5 ہزار 955 ادویات بھی جمع کی جا چکی ہیں، جب کہ ان مراکز سے 1 کروڑ 9 لاکھ 54 ہزار 5 ادویات تقسیم کی جا چکی ہیں۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں 300 سے زائد میڈیکل کیمپ لگائے گئے، ان میڈیکل کیمپوں میں 5 لاکھ 65 ہزار 359 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا، ہر مریض کو 3 سے 5 دن کی مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق 10 ہزار 527.7 ٹن راشن اور 1775.4 ٹن غذائی اشیا تقسیم کی جا چکی ہیں۔
پاک بحریہ
پاک بحریہ کے مطابق ان کے 4 فلڈ ریلیف سینٹرز، 18 سینٹرل کلیکشن پوائنٹس خدمت میں مصروف ہیں، ادارے نے 1805 ٹن راشن، 6503 خیمے اور 7 لاکھ 30 ہزار 763 لیٹر منرل واٹر تقسیم کیا۔
پاک بحریہ کی 22 خیمہ بستیوں میں 25 ہزار 673 افراد رہائش پذیر ہیں، یہ خیمہ بستیاں قمبر، شہداد کوٹ، دادو، سکھر اور سجوال میں قائم ہیں، پاک بحریہ کی 23 ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے 15 ہزار 568 افراد کو بچایا، یہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں 54 موٹرائزڈ بوٹس اور 2 ہوور کرافٹوں سے لیس ہیں۔
پاک بحریہ کے اندرون سندھ 2 ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیے گئے ہیں، اب تک 70 پروازوں میں 479 پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے راشن کے 5333 پیکٹ متاثرین میں تقسیم کیے گئے۔ پاک بحریہ کی 8 ڈائیونگ ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں 27 ڈائیونگ آپریشنز بھی کیے، بحریہ کے 86 میڈیکل کیمپس میں 97 ہزار 719 مریضوں کا علاج کیا گیا۔