جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ایک درجہ بہتر کلاس فراہم، رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولتوں پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی، جس میں بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جس سیل میں رکھا گیا وہ 9بائی 11فٹ کا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹارنی جنرل آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولتوں پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ، سپریم کورٹ میں رپورٹ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کی جانب سےجمع کرائی گئی۔

اٹارنی جنرل آفس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اٹک جیل کا بلاک 2 انتہائی محفوظ قید خانہ سمجھا جاتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کوجہاں قید رکھا گیا وہ خالی اور سیکیورٹی انتہائی سخت ہے جبکہ بلاک 2 سے ملحقہ دیگر بیرکس اور بلاکس بھی خالی کرا لیے گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو جس سیل میں رکھا گیا وہ 9بائی 11فٹ کا ہے، جس قید خانےمیں چیئرمین پی ٹی آئی کو رکھا ہے اس کو وائٹ واش کیا گیا ،قید خانے کا فرش مرمت کر کے چھت کا پنکھا نصب کیا گیا ہے۔

18اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کے قید خانے کےواش روم کی توسیع کی گئی، قید خانے کے واش روم کی دیواریں 5 فٹ اونچی کردی گئیں، واش روم میں نیا کموڈ نصب کر کے دروازہ لگا دیا گیا ہے، واش روم میں چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے مسلم شاور، ٹیشو اسٹینڈ اور اسٹیل کی ٹونٹی بھی نصب کیا گیا ہے۔

واش روم کے باہر وضو کیلئےواش بیسن اور بڑا آئینہ نصب کیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل اور واش روم کی صفائی کیلئے روزانہ 2 گھنٹے تک خاکروب بھی فراہم کیا جاتاہے اور راہداری میں چیئرمین پی ٹی آئی کو چہل قدمی کی اجازت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ایک درجہ بہتر کلاس بھی فراہم کر دی گئی ، پلنگ، میٹرس ، چار تکیے ، میز، کرسی، ایئر کولر بھی میسر ہے جبکہ انھیں انگریزی ترجمے والے 4 قرآن مجید ،اسلامی تاریخ پر لکھی 25 کتابیں فراہم کردیں اور جیل میں 21 انچ کی ایل ای ڈی اور اخبار کی سہولت بھی دی گئی .

چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈائٹ فوڈ ان کی مشاورت سے دیا جاتا ہے، پیر سے اتوار تک ناشتے میں بریڈ، آملیٹ، دہی اور چائے دی جاتی ہے، لنچ میں پیر کو سبزی، روٹی، سلاد اور دہی، منگل کو دال چنے، بدھ کو دال ماش ، جمعرات کو دال، جمعہ کو سبزی، ہفتے اور اتوار کو بھی دال دی جاتی ہے جبکہ ڈنرمیں دال چاول، دہی اور سلاد دیا جاتا ہے۔

ملزم کی ڈیمانڈ پر ہفتےمیں دوبار دیسی مرغی اور ایک بار چھوٹا گوشت فراہم کیا جاتا ہے اور ملزم کو موسمی پہل بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔

اٹک جیل کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کیلئے دیگرجیلوں کے 53 افسران تعینات ہیں، چار اے ایس پی رینک کے پولیس افسران 3 شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں، ملزم اور سٹاف کی نقل وحرکت چیک کرنے کے لئے 3 کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

فیملی کیلئےمنگل دن 2 بجے،وکلا کیلئےجمعرات کا دن ملاقات کے لئے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ملاقاتوں کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے جاتے ہیں، اس وقت اٹک جیل میں 982 قیدی قید ہیں۔

وکیل نعیم حیدر پنجوتھا، اہلیہ بشریٰ بی بی، عمیر نیازی، بابر اعوان اور لطیف کھوسہ ملاقاتیں کرچکے ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کےطبی چیک اپ کے لئے 5ڈاکٹرز کا پینل ہر وقت موجود ہوتا ہے۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں