پاکستانی شہری اب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے 5 سالہ ویزا کیلیے درخواست دے سکتے ہیں کیونکہ پاکستان میں خلیجی ملک کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا ہے کہ ویزوں سے متعلق مسائل حل ہوگئے۔
5 سالہ سیاحتی ویزا نہ صرف غیر ملکی شہریوں کو متعدد بار یو اے ای میں داخل ہونے اور ہر دورے پر 90 دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے بلکہ اس دورانیے میں مزید 90 دن کی توسیع کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ ویزا تمام ممالک کے شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے۔
پاکستانی شہریوں کو امارت کا یہ ویزا حاصل کرنے کیلیے مختلف تقاضوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے جس میں سب سے اہم بینک بیلنس بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای نے 16 ہزار سے زائد افراد کو گولڈن ویزے جاری کر دیے
درخواست دہندہ کے پاس گزشتہ 6 ماہ کے دوران کم از کم 4 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی کوئی بھی غیر ملکی کرنسی کا بینک بیلنس ہونا چاہیے۔
آج 9 اپریل 2025 کو پاکستان میں 1 امریکی ڈالر کی قدر 280.5 روپے ہے لہٰذا یو اے ای کے 5 سالہ وزٹ ویزا کیلیے اپلائی کرتے وقت اکاؤنٹ میں تقریباً 1.2 ملین ہونا ضروری ہے۔
بینک بیلنس کے ساتھ ساتھ امارات میں قابل اطلاق ہیلتھ انشورنس پالیسی، ٹکٹ اور ہوٹل میں قیام کا ثبوت اور رہائشی پتہ ظاہر کرنا بھی لازمی ہے۔