وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور کالام میں پھنسے سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کالام اور کانجو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین سیلاب سمیت سیاحوں سے بھی ملاقات کرکے ان کا احوال معلوم کیا، متاثرین نے انہیں اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
وزیراعظم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کالام میں پھنسے سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے جس کے بعد ہنگامی ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے سیاحوں کیلیے فوری طور پر ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے انہیں سیلاب کی صورتحال، نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، انتظامی افسران نے بتایا کہ سیلاب سے پلوں، گھروں، شاہراہوں اور ہوٹلوں کو نقصان پہنچا، بھاری مشینری کے ذریعے شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے،کانجو میں سیلاب کے باعث 22 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
شہباز شریف نے ایف ڈبلیو او کو ٹوٹی ہوئی سڑکوں کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدیت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کے کام کی میں خود نگرانی کروں گا۔