ٹھٹھہ: اپنے علاقے میں پانی کی عدم فراہمی پر احتجاجاً علاقہ مکینوں نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے صاف انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مکلی کے قریب درگاہ بولا شاہ میں پولیو کے قطرے پلانے سے اہل علاقہ نے منع کیا، گاؤں عبدالرزاق سمون کے مکینوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سےانکار کردیا، مکینوں نے کہا کہ جب تک گاؤں میں پانی کی فراہمی نہیں ہوتی، پولیوکے قطرے نہیں پلائیں گے۔
سال 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز
مکینوں کا کہنا تھا کہ کئی بار منتخب نمائندوں، ڈی سی ٹھٹھہ اور پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو درخواستیں دیں، صرف وعدے کیے جاتے ہیں کوئی عملی اقدام نہیں کیا جاتا
اہل علاقہ نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گاؤں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اس کے بعد پولیو ویکسین پلانے کیلئے تیار ہیں۔
صورتحال کے بعد ڈی سی ٹھٹھہ، ٹاؤن کمیٹی چیئرمین مکلی اور ڈی ایس پی ٹھٹھہ گاؤں پہنچ گئے، انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے گاؤں والوں کو پولیو ویکسین پلوانے کیلئے قائل کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔